حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ خواہران کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین مہدی علی زاده نے ایران کے صوبہ مرکزی میں طالباتِ حوزہ علمیہ کے ساتھ منعقدہ اخلاقی و بصیرتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے ایک اہم واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایک مرتبہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے اپنی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے عرض کیا کہ آپ رات بھر عبادت کرتی ہیں اور ایک ایک ہمسائے اور اطراف کے لوگوں کے لیے دعا فرماتی ہیں لیکن اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے دعا نہیں کرتیں؟ اس پر حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے جواب دیا: «یَا بُنَیَّ، اَلجَارُ ثُمَّ الدَّارُ» یعنی: اے میرے بیٹے! پہلے ہمسایہ، پھر اپنا گھر۔
حجت الاسلام مہدی علی زاده نے کہا: یہ مختصر مگر عظیم فاطمی تعلیم طلبہ کی زندگی اور دینی ذمہ داریوں کے لیے بہترین رہنما اصول ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ انسان اپنی ضروریات سے پہلے دوسروں کی مشکلات اور ضروریات کو اہمیت دے۔

انہوں نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کی اخلاقی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: امام خمینی (رہ) نے مرحوم حاج احمد آقا کے نام اپنے ایک خط میں تحریر فرمایا تھا: ’’اگر تم لوگوں سے محبت و دوستی نہیں کر سکتے تو طالب علمی کے راستے پر قدم نہ رکھو۔‘‘
حوزہ علمیہ خواہران کے مدیر نے کہا: یہ جملہ اعلیٰ عرفانی اور اخلاقی تربیت کا مظہر ہے۔ انسان جب معنوی کمال کی بلندیوں تک پہنچتا ہے تو اپنی ذات اور ضروریات کو بھول کر مخلوقِ خدا کی خدمت اور آلِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یتیموں سے محبت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیتا ہے۔
انہوں نے ماں کی محبت کو ایثار و قربانی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا: جس طرح ماں اپنے بچے کو خطرے میں دیکھ کر اپنی جان اور ضروریات تک بھول جاتی ہے، اسی طرح طلاب کو بھی دوسروں کو اپنی ذات پر مقدم رکھنے کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔
حوزہ علمیہ خواہران کے مدیر نے مزید کہا: طلاب کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ لوگوں کے لیے جائے پناہ بنیں اور آلِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یتیموں اور ضرورت مندوں کے دکھوں کا مداوا کریں۔ یہی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مکتب کا عملی درس ہے۔










آپ کا تبصرہ